اسلام آباد : وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 28کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں اور 83ہزار 224ڈیلی ویجز ورکرز کو روزگار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی کے تحت ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام پر اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کےتحت 28کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے تحت منصوبے کی مالیت 125ارب روپے ہے۔
مطہر نیاز رانا کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کےپی ایس ڈی پی کےتحت 4ارب 90کروڑمختص ہیں، پروگرام کےتحت 83ہزار 224 ڈیلی ویجز ورکرزکو روزگار دیا گیا۔
مزید پڑھیں : بلین ٹری منصوبے کی عالمی سطح پر پذیرائی، عمران خان دنیا کے لیے مشعل راہ قرار
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی منصوبےکو عالمی سطح پر پذیرائی ملنا شروع ہوگئی، امریکا، فرانس، پیرس کی عالمی ماحولیاتی تنظیموں کےنمائندوں نے وزیر اعظم کو تعریفی خط ارسال کیا تھا۔
جس میں عالمی تنظیموں نے بلین ٹری منصوبے کی بنیاد پر وزیراعظم عمران خان کو عالمی لیڈر قرار دیا اور کہا ماحولیات سےمتعلق وزیراعظم عمران خان کی کوششیں دنیا کے لیے مثالی ہیں۔
خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ ’وزیراعظم پاکستان نےماحولیاتی اقدامات سے نئی معیشت کی بنیاد رکھی، اس میں کوئی شک نہیں وزیراعظم عمران خان کابلین ٹری منصوبہ کامیاب رہا‘