منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

امریکی امیگریشن افسر نے خاتون ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

منیسوٹا (08 جنوری 2026): امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر منیاپولس میں ایک امیگریشن افسر نے خاتون ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ایک اہلکار نے بدھ کے روز منیاپولس میں ایک خاتون ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایک بڑے امریکی شہر میں امیگریشن کے خلاف تازہ ترین کریک ڈاؤن کے دوران پیش آیا۔

وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فائرنگ اپنے دفاع میں کی گئی، تاہم شہر کے میئر نے اسے لاپروا اور غیر ضروری قرار دیا ہے۔

37 سالہ خاتون کو شہر کے ڈاؤن ٹاؤن کے جنوب میں واقع ایک برف پوش رہائشی محلے میں، اپنے ایک خاندانی رکن کے سامنے سر میں گولی ماری گئی۔ یہ مقام چند بلاکس کے فاصلے پر واقع ان قدیم ترین امیگرنٹ مارکیٹوں کے قریب ہے، اور اس جگہ سے تقریباً ایک میل دور ہے جہاں 2020 میں پولیس نے جارج فلائیڈ کو ہلاک کیا تھا۔

منیاپولس امیگریشن

صبح 9:30 بجے کے بعد ہونے والی اس ہلاکت کو موقع پر موجود گواہوں نے ویڈیو میں ریکارڈ کیا، اور فائرنگ کے فوراً بعد غصے سے بھرے مظاہرین کا ایک بڑا ہجوم جمع ہو گیا۔ شام تک سینکڑوں افراد وہاں موجود تھے، جنھوں نے شمعیں روشن کر کے اس کی یاد میں دعائیہ اجتماع کیا اور عوام سے امیگریشن نفاذ کرنے والے اداروں کے خلاف مزاحمت کی اپیل کی۔

وینزویلا سے 30 سے 50 ملین بیرل تیل وصول کرنے کے بعد مارکیٹ ریٹ پر بیچیں گے، مارکو روبیو

خاتون کا نام رینی نِکول میکلن گُڈ تھا۔ ان کی والدہ نے منیسوٹا اسٹار ٹریبیون کو بتایا کہ متوفیہ کا ایک 6 سالہ بچہ ہے۔ میکلن گُڈ نے سوشل میڈیا پر خود کو ’’ایک شاعرہ، مصنفہ، بیوی اور ماں‘‘ کے طور پر متعارف کرایا تھا، اور وہ کولوراڈو سے تعلق رکھتی تھیں۔

عینی شاہدین کی جانب سے مختلف زاویوں سے بنائی گئی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ ایک اہلکار سڑک کے عین درمیان رکی ہوئی ایک ایس یو وی کے قریب جاتا ہے، ڈرائیور سے دروازہ کھولنے کا مطالبہ کرتا ہے اور ہینڈل پکڑ لیتا ہے۔ اسی دوران ہونڈا پائلٹ گاڑی آگے بڑھنے لگتی ہے، تو گاڑی کے سامنے کھڑا آئی سی ای کا ایک اور اہلکار اپنا ہتھیار نکالتا ہے اور قریب سے فوراً کم از کم 2 گولیاں گاڑی کے اندر فائر کر دیتا ہے۔

امیگریشن حکام نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے گاڑی سے اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی تھی، جس پر افسر نے خطرے کے باعث مشتعل مظاہرین پر فائرنگ کی، تاہم میئر منیاپولس جیکب فرے نے حکم دیا ہے کہ امیگریشن حکام فوری طور پر شہر سے نکل جائیں۔

دوسری جانب گورنرمنیسوٹا ٹم والٹز نے اسٹیٹ نیشنل گارڈز کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے، اور صدر ٹرمپ نے واقعہ کا ذمہ دار چھاپوں میں رکاوٹ ڈالنے والے مظاہرین کو قرار دے دیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں