اتوار, ستمبر 6, 2026
اشتہار

میر رضا قتل کیس کے باوجود جناح اسپتال میڈیکو لیگل افسران نے روش نہ بدلی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (10 اگست 2026): کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس میں غفلت سامنے آنے کے باوجود جناح اسپتال میڈیکو لیگل افسران نے اپنی روش نہیں بدلی، آج صبح بھی جناح اسپتال میں کوئی ایم ایل او موجود نہیں تھا۔

عملے نے استفسار پر بتایا کہ ایک شفٹ میں ایک ایم ایل او ہوتا ہے جو اس وقت عدالت گیا ہوا ہے۔ ذرائع ایم ایل او آفس کے مطابق میر رضا علی کا جس وقت پوسٹ مارٹم ہوا اس روز بھی ایک ہی ایم ایل او ڈاکٹر اسامہ شیخ تھے، جب کہ اُس روز ایم ایل او کے لیے آنے والے کیسز کی تعداد 5 تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم ایل او کی غیر موجودگی کی وجہ سے پوسٹ مارٹم میں تاخیر روز کا معمول ہے، بروقت پوسٹ مارٹم نہ ہونے سے اہم شواہد متاثر ہو جاتے ہیں۔ تاہم رابطہ کیے جانے پر پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے اس معاملے پر مؤقف دینے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ میر رضا قتل کیس میں اب نئی تحقیقاتی ٹیم کرائم سین کا معائنہ اور نرسری کے ملازم سے سوالات کرے گی، اہل خانہ سے ملاقات اور کرائم سین کے بعد اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی، پرانی کمیٹی نے تمام شواہد، بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیجز نئی کمیٹی کے سپرد کر دی ہیں، جائے وقوع سے ملنے والا تیس بور کا خول اور ٹیکنیکل شواہد بھی نئی ٹیم کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

مقتول کے والد حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں نئی تحقیقاتی کمیٹی پر اعتماد ہے، عامر فاروقی اچھی شہرت کے افسر ہیں، تحقیقاتی کمیٹی سچ سامنے لائے گی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر داخلہ سندھ اور میئر کراچی گزشتہ روز آئے اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا، ہم نے کہا سوچ کر بتائیں گے۔

والد میر رضا کا مؤقف ہے کہ ان کے بیٹے کا بزنس پارٹنر بھی غائب ہے جس سے پولیس نے صرف ایک بار تفتیش کی ہے، جب کہ گلستان جوہر گیسٹ ہاؤس ملازمین سے تحقیقات سے متعلق بھی نہیں بتایا جا رہا، اور گیسٹ ہاؤس کی سی سی ٹی وی ویڈیو اب تک سامنے نہیں آئی۔

دوسری طرف پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ مشکوک گیسٹ ہاؤس کو سیل کر دیا گیا ہے، اور عملے کے 6 افراد پولیس حراست میں ہیں، ان کے علاوہ سوئفٹ کار میں آنے والے 4 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

میر ضا قتل کیس میں مجموعی طور پر 19 افراد شامل تفتیش ہیں۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں