کراچی (12 اگست 2026): رہنما پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ ماں ہونے کی حیثیت سے میر رضا کے والدین کی تکلیف محسوس کر سکتی ہوں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ میر رضا کی موت کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے، نوجوان تاجر کے ساتھ جن لوگوں نے یہ کیا انہیں کیفر کردار تک پہنچا دیں تو شائد تھوڑی تکلیف کم ہو جائے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی سندھ کا میر رضا کیس میں کوتاہیوں کا اعتراف
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ یہ کہنا بہت آسان ہے کوتاہی یا غلطی ہوئی لیکن یہاں ایک انسان کی جان جا چکی ہے، فریال تالپور نے اس کیس کا نوٹس لیا اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کہا کہ جوڈیشل کمیشن بنائیں، میر رضا اور ان کے والدین کو انصاف ملنا سب سے اہم ہے، جب تک انصاف نہیں ملے گا ایسے واقعات ہوتے رہیں گے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پولیس خود اعتراف کر رہی ہے کہ غلطی ہوگئی تو کیسے ان پر اعتبار ہوگا، انصاف کیلیے جوڈیشل کمیشن کا بننا ضروری ہے، ڈاکٹر کو عہدے سے ہٹانا مسئلے کا حل نہیں کیونکہ میر رضا کی قبر کشائی کرنا پڑ گئی۔


