جمعرات, اگست 20, 2026
اشتہار

بڑی پیش رفت! میر رضا کی قبر کشائی کیلئے عدالت میں درخواست دائر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : نوجوان میر رضا کی قبرکشائی کیلئے والد نے درخواست دائر کردی، تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں مقتول نوجوان میر رضا کے والد نے بیٹے کی لاش کی قبر کشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے سٹی کورٹ میں باقاعدہ درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میر رضا کیس میں پولیس کی کارکردگی اور تفتیش کا معیار انتہائی ناقص رہا ہے اور ابتدائی حقائق کو شفاف انداز میں سامنے نہیں لایا گیا۔

سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے والد کی اس درخواست پر کسی قسم کا اعتراض نہیں اٹھایا گیا، جس کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جو جلد سنائے جانے کا امکان ہے۔

گذشہ روز میر رضا کے والد نے پوسٹ مارٹم رپورٹ پر اعتراضات اٹھاتے ہوئےدعویٰ کیا تھا کہ میرے بیٹے نے خودکشی نہیں کی بلکہ انہیں قتل کیا گیا۔

Mir Raza Ali case- All Updates

میر رضا کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹے کی لاش ایک گھنٹے کے اندر ہی ان کے حوالے کر دی گئی، جبکہ ان کا مؤقف ہے کہ ان کے اکلوتے بیٹے کو بے رحمی سے قتل کیا گیا، خودکشی کا تاثر درست نہیں۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے بھی کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دستیاب تصاویر میں تضاد موجود ہے، جسم کے مختلف حصوں پر سوجن اور سیاہ نشانات دکھائی دیتے ہیں، جبکہ گولی لگنے کی سمت کے حوالے سے بھی تضادات سامنے آئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کا بھی کہنا تھا کہ پولیس سرجن نے تصاویر کی بنیاد پر رائے دی، لاش کا معائنہ نہیں کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میڈیکل لیگل آفیسر تیار کرتا ہے اور پولیس نے اسی رپورٹ کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کی تاہم اگر اہلخانہ چاہیں تو دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے قبر کشائی بھی کی جا سکتی ہے۔

ادھر فرانزک ماہر عامر حسن نے کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کئی اہم پہلوؤں کا احاطہ نہیں کیا گیا، اس لیے تمام شواہد کا ازسرنو طبی اور فرانزک جائزہ لیا جانا چاہیے۔

اہم ترین

فاروق سمیع
فاروق سمیع
تحقیقاتی صحافت پریقین رکھنے والے فاروق سمیع اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں، دہشت گردی، سیاست اورعدالتوں سے منسلک خبروں پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں