پیر, ستمبر 7, 2026
اشتہار

میر رضا کیس میں تہلکہ خیز پیش رفت، معدے میں تیزاب کی موجودگی کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی :‌ نوجوان تاجر میر رضا علی کے معدے سے تیزاب کی موجودگی کے شواہد ملنے کا انکشاف سامنے آیا جبکہ پھیپھڑے بھی شدید متاثر ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق نوجوان تاجر میر رضا علی کے پراسرار قتل کیس کی تفتیش میں انتہائی اہم اور سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے، ذرائع نے بتایا کہ مقتول کے جسم، کپڑوں اور اعضاء سے تیزاب کی موجودگی کے واضح شواہد ملے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتول میر رضا کے معدے سے تیزاب کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں، جبکہ تیزاب کے باعث ان کے پھیپھڑے بھی شدید متاثر ہوئے تھے۔

مقتول کے ہاتھوں اور پیروں پر بھی تیزاب لگنے اور اس سے جلنے کے واضح اثرات پائے گئے ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ مقتول کی شرٹ سے بھی تیزاب کے اثرات ملے ہیں، اس کے علاوہ شرٹ پر کسی دوسرے شخص کے پسینے کے نشانات بھی ملے ہیں، جس سے واقعے میں دیگر افراد کی براہِ راست موجودگی کا شک مزید مضبوط ہو گیا ہے۔

کیس کی نئی تشکیل شدہ تفتیشی ٹیم ان تمام فرانزک و تکنیکی شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔

Mir Raza Ali case- Latest News and Updates

گذشتہ روز نوجوان تاجر میر رضا علی کی شرٹ پر تیزاب کے نشانات پائے جانے کا انکشاف ہوا تھا، ذرائع نے بتایا تھا کہ سینے سے اس کی شرٹ کا کچھ حصہ جلا اور پھٹا ہوا تھا تاہم کراچی یونیورسٹی لیب میں شرٹ کا معائنہ تاحال نہ کیا جا سکا۔

ذرائع نے مزید بتایا تھا کہ میڈیکو لیگل افسر ڈاکٹر اسامہ کی جانب سے سیمپلز بھیجے گئے تھے جن میں میر رضا علی کی شرٹ بھی بھیجی گئی تھی، کراچی یونیورسٹی لیب میں اس کا فرانزک کیا جانا تھا، شرٹ پر بیلسٹک اسپارک کا تجزیہ ہونا باقی ہے۔

واضح رہے کہ پہلے پوسٹ مارٹم کے تمام نمونے کراچی یونیورسٹی میں سندھ فرانزک ڈی این اے اینڈ سیرولوجی لیبارٹری بھیجے گئے تھے، اب تک پہلے پوسٹ مارٹم کے نمونوں کی رپورٹ بھی تیار نہیں کی گئی، بھیجے جانے والے نمونوں میں سب سے اہم شرٹ کی فرانزک تھی۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں