کراچی : میر رضا کیس میں قبر کشائی کے بعد لیے گئے سیمپلز کی رپورٹ میں سسنی خیز انکشافات سامنے آئے ، جس میں بتایا گیا میر رضا نے ایک ہاتھ نہیں بلکہ دونوں ہاتھوں سے گولی چلائی۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان تاجر میر رضا کیس میں قبر کشائی کے بعد حاصل کیے گئے فرانزک سیمپلز کی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی کو فراہم کرنے کے ساتھ پولیس کے پورٹل پر بھی اپ لوڈ کردی گئی ہے، قبر کشائی کے دوران مجموعی طور پر 17 سیمپلز حاصل کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ان سیمپلز میں سے ڈی این اے سمیت 4 کے نتائج موصول ہوگئے ہیں جبکہ 13 سیمپلز کے نتائج تاحال آنا باقی ہیں۔
میر رضا کی لاش سے گن شاٹ ریزیڈیو کے بھی 4 سیمپلز لیے گئے تھے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ میر رضا کے دونوں ہاتھوں پر جی ایس آر کے شواہد موجود پائے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک شواہد سے یہ امکان سامنے آیا ہے کہ میر رضا نے کرائم سین کے قریب دونوں ہاتھوں سے فائرنگ کی تھی۔
Mir Raza Ali Case- All News and Updates
ماہرین کی جانب سے کہا گیا کہ کسی شخص کا اپنی کمر پر دونوں ہاتھوں سے گولی چلانا ممکن نہیں، اس لیے شواہد اس امکان کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ میر رضا نے ممکنہ طور پر کسی خطرے کو بھانپ کر فائرنگ کی ہو۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ میر رضا کے سینے اور کمر سے بھی GSR کے سیمپلز حاصل کیے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں 4 بج کر 37 منٹ 55/56 سیکنڈ پر ہلکی سی آواز بھی سنائی دیتی ہے، جبکہ آواز کے چند سیکنڈ بعد چوکیدار کو ادھر ادھر دیکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق فرانزک اور کیمیکل تجزیوں کے تمام نتائج موصول ہونے کے بعد ہی کیس کے اہم پہلوؤں پر حتمی رائے قائم ہوسکے گی۔
ابتدائی قبر کشائی میں بھی مختلف طبی اور فرانزک نمونے حاصل کیے گئے تھے، جنہیں مزید تجزیے کے لیے بھیجا گیا تھا۔


