کراچی: مقتول تاجر میر رضا کے والد میر حسین نے کہا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ میر رضاکےساتھ اصل میں کیا ہوا ، بیٹے کو انصاف دلانے کیلئے جس حدتک جانا پڑا جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مقتول تاجر میر رضا کے والد میر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں سے لاش ملی اس حدود میں میر رضا کا کوئی دوست تھا نہ آنا جانا تھا۔
میر حسین کا کہنا تھا کہ 13 روز بعد اب ہم مطمئن ہیں کہ ہمارے ساتھ تعاون ہورہا ہے، جو نئی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے امید ہے وہ کیس کو مثبت انداز میں آگے لے کر چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی دنوں میں مؤثر تحقیقات کی جاتیں تو کیس آج مختلف مرحلے میں ہوتا، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ میر رضا کے ساتھ اصل میں کیا ہوا۔
میر رضا کے والد کا کہنا تھا کہ خاندان خود بھی حقیقت جاننے کی کوشش کررہا ہے کہ واقعہ کیسے پیش آیا۔ میر رضا کا کچن جائے وقوعہ سے تقریباً آدھا کلومیٹر دور تھا، تین مشکوک افراد سے متعلق معلومات پولیس کو پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہیں، جبکہ سابق تفتیشی ٹیم نے خاندان کے ساتھ تحقیقات کی تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
میر حسین نے کہا کہ میر رضا کو انصاف دلانے کے لیے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے اور امید ہے نئی تفتیشی ٹیم کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔


