کراچی : جامعہ کراچی کی لیب گلستان جوہر سے ملنے والی لاش کی ڈی این اے رپورٹ آج جاری کرے گی، جس سے یہ پتہ چلے گا کہ لاش میررضا کی ہے یا نہیں؟
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میر رضا کے قتل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، تاہم گلستان جوہر سے ملنے والی پراسرار لاش کی شناخت کے حوالے سے جامعہ کراچی کی جدید فائنڈیشن لیبارٹری آج شام تک ڈی این اے رپورٹ جاری کرے گی۔
جس سے اس بات کا تعین ہو سکے گا کہ ملنے والی لاش واقعی میر رضا کی ہے یا کسی اور شخص کی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ شام جامعہ کراچی کی متعلقہ لیب کو ڈی این اے کراس میچنگ کے لیے کل 6 سیمپلز موصول ہوئے تھے۔ ان نمونوں میں 4 سیمپلز ڈیڈ باڈی سے حاصل کیے گئے ہیں جبکہ 2 ریفرنس سیمپلز والدین کے شامل ہیں تاکہ جینیاتی مطابقت کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جا سکے۔
پولیس اور تفتیشی حکام نے بتایا کہ ڈی این اے رپورٹ موصول ہوتے ہی لاش کی حتمی شناخت کا اعلان کر دیا جائے گا۔
تفتیش کاروں کے مطابق یہ رپورٹ کیس میں التوا کا شکار اہم سوالات کے جوابات فراہم کرے گی اور آگے کی قانونی و تفتیشی کارروائی کی سمت طے کرنے میں بڑی پیشرفت ثابت ہوگی۔


