کراچی : میر رضا کیس میں اہلخانہ کی سینئر پولیس افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے اہلخانہ کی جانب سے سینئر پولیس افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن نے گزشتہ روز کی کارروائی کا تحریری حکم جاری کردیا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ سیکریٹری صحت، ڈی جی ہیلتھ اور ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے بیانات قلمبند کیے گئے، جبکہ اہلخانہ کی جانب سے اے آئی جی، ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ڈی آئی جی فرخ لنجار کو طلب کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
کمیشن نے قرار دیا کہ 17 ستمبر کو ہی واضح کیا جاچکا تھا کہ سینئر پولیس افسران کو ذاتی طور پر طلب نہیں کیا جائے گا۔ کارروائی کے دوران ایسا کوئی نیا مواد سامنے نہیں آیا جس کی بنیاد پر سابقہ ہدایت تبدیل کی جائے۔
تحریری حکم کے مطابق اہلخانہ سینئر پولیس افسران سے اپنے سوالات تحریری طور پر جمع کراسکتے ہیں، جو متعلقہ افسران کو بھیجے جائیں گے۔ اہلخانہ کو سوالات جمع کرانے کے لیے 26 ستمبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔
Mir Raza Ali case – Latest News and Updates
کمیشن نے کہا کہ بلاوجہ احکامات تبدیل کرنے سے عوام کے کمیشن پر اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا اہلخانہ کی سینئر پولیس افسران کی ذاتی حاضری کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔
دوسری جانب کمیشن نے ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، تاہم ان کی جانب سے تفتیش میں ہونے والی کوتاہیوں کو تسلیم کرنے کو سراہا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق کمیشن نے قرار دیا کہ ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو نے چھپنے کے بجائے مناسب انداز میں سوالات کے جوابات دیے اور اپنی کوتاہیوں کو تسلیم کیا۔


