کراچی : تاجر میر رضا کے والد کے وکیل نے پولیس سرجن کراچی اور سیکریٹری صحت کو ہنگامی نوٹس ارسال کر دیا، جس میں کہا ورثا نئے میڈیکل بورڈ سے قبر کشائی پر رضامند نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تاجر میر رضا کی قبر کشائی کے لیے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ میں تبدیلی کے معاملے پر مقتول کے والد کے وکیل نے پولیس سرجن کراچی اور سیکریٹری صحت کو ہنگامی نوٹس ارسال کر دیا۔
نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے مطابق قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم اسی اصل میڈیکل بورڈ سے کرایا جائے جو عدالت کے حکم پر پولیس سرجن کراچی نے تشکیل دیا تھا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت نے پولیس سرجن کراچی اور سیکریٹری صحت کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد پولیس سرجن نے فرانزک اور پیتھالوجی کے ماہرین پر مشتمل آٹھ رکنی بورڈ تشکیل دیا تھا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس سرجن کو ہی قبر کشائی کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا اختیار حاصل ہے اور مقتول کے ورثا نے بھی اصل بورڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
Mir Raza Ali case- All Updates
وکیل کے مطابق 6 اگست کی شب ڈی جی ہیلتھ حیدرآباد نے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر سابقہ بورڈ کے تقریباً تمام ارکان کو تبدیل کر دیا، جو عدالتی احکامات کے منافی ہے۔
نوٹس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ڈی جی ہیلتھ کو پولیس سرجن کے اختیارات میں مداخلت کا اختیار حاصل نہیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مقتول کے ورثا نئے میڈیکل بورڈ سے قبر کشائی پر رضامند نہیں ہیں، اور اگر نئے بورڈ نے قبر کشائی کی تو اسے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، میڈیکل بورڈ میں تبدیلی سے اہل خانہ کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔


