راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ کے 4 اہم کمانڈروں سمیت مزید 21 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گہا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ کے 4 اہم کمانڈروں سمیت مزید 21 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
ان کامیاب کارروائیوں سے علاقے میں خوارج کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے، حالیہ دنوں میں ہونے والے ان پے در پے آپریشنز کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 48 خارجی مارے جا چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا کہ کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کے 4 اہم سرغنہ (کمانڈرز) بھی شامل ہیں جن کی شناخت خالد رضا عرف سالار ، مفتون ، موسیٰ اور عمران عرف ایان کے ناموں سے ہوئی۔
یہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور سنگین جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز اب بھی مسلسل جاری ہیں۔
اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی دھرتی سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔


