میرپور: آزاد کشمیر، میرپور کا سب سے بڑا شادی ہال اچانک زمیں بوس ہو گیا، حادثے میں مالک اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع میرپور کے علاقے چکسواڑی میں سب سے بڑا میرج ہال، روپیال میرج ہال مکمل طور پر زمین بوس ہو گیا، دیکھتے ہی دیکھتے اچانک پوری 3 منزلہ عمارت اپنی بنیادیوں پر ڈھیر ہو گئی۔
ملبے تلے آ کر میرج ہال کا مالک اور ان کا بیٹا جاں بحق ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ 19 افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، ریسکیوآپریشن میں پاک فوج کی مدد بھی حاصل کر لی گئی ہے، چکسواری بازار حادثے کے بعد سوگ میں بند کر دیا گیا۔
جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے، ملبے میں پھنسے دیگر افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ریسکیو کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ اندازہ نہیں کہ حادثے کے وقت میرج ہال کے اندر کتنے لوگ تھے، تاہم کہا جا رہا ہے کہ تیس سے چالیس کے درمیان افراد اندر موجود تھے۔
حادثے کے بعد لوگ بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے، لوگوں نے امدادی کارروائیوں میں بھی حصہ لیا۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک کے دیگر حصوں میں لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والے لاک ڈاؤن کے باعث غموں کی تصویر بن چکے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر کے میرج ہال بند پڑے ہوئے ہیں، حکومت سے شادی ہال کھلوانے کے لیے مذاکرات بھی کیے گئے ہیں لیکن ہال نہیں کھل سکے، جس پر اب شادی ہال ایسوسی ایشن نے احتجاج کا راستہ اپنا لیا ہے۔