ممبئی(11 ستمبر 2026): گینگسٹر ڈراما فلم مرزا پور دی مووی نے سینما گھروں میں ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر تباہی مچا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پنکج ترپاٹھی (قالین بھیا)، علی فضل (گڈو بھیا) اور ڈیوئیندو شرما (منا بھیا) کی اداکاری سے سجی مرزا پور دی مووی نے اپنے پہلے ہی ہفتے میں عالمی سطح پر 200 کروڑ روپے کا اہم ہندسہ عبور کر لیا ہے۔
ٹریڈ ویب سائٹ سیکنل کی رپورٹ کے مطابق 4 ستمبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے جمعرات (ساتویں دن) بھارت بھر کے 10 ہزار 379 شو سے 10.55 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کیا۔ اس طرح فلم کی بھارت میں مجموعی نیٹ کمائی 148.45 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے اور آج یہ ہندسہ 150 کروڑ روپے کے پار چلا جائے گا۔
اگر عالمی سطح کی بات کی جائے تو فلم نے اوورسیز مارکیٹ سے اب تک 35.50 کروڑ روپے سمیٹے ہیں۔ بھارت کی گروس کمائی (176.94 کروڑ روپے) اور اوورسیز کی کمائی کو ملا کر ‘مرزا پور دی مووی’ کا عالمی سطح پر مجموعی گروس کلیکشن 212.44 کروڑ روپے ہو چکا ہے۔
باکس آفس پر اس شاندار کارکردگی کے ساتھ یہ فلم سال 2026 کی اب تک کی پانچویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔
گرمیت سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں روی کشن، جیتیندر کمار، رسیکا دگل، شیبا چڈھا، ابھیشیک بنرجی، شریا پلگاؤں کر، شویتا ترپاٹھی اور کل بھوشن کھربندہ جیسے معروف فنکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
فلم کو ‘ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز’ اور ‘ایکسل انٹرٹینمنٹ’ کے بینر تلے رتیش سدھوانی اور فرحان اختر نے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فلم ایمیزون پرائم ویڈیو کی مقبول ترین ویب سیریز ‘مرزا پور’ پر مبنی ہے، جس کے اب تک 3 سیزنز ریلیز ہو چکے ہیں جبکہ چوتھے سیزن پر کام جاری ہے۔


