جمعرات, ستمبر 10, 2026
اشتہار

فلم ’مرزا پور‘ کے ٹریلر نے دھوم مچا دی

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی (12 اگست 2026): ’’مرزا پور دی مووی‘‘ کے ٹریلر نے بڑے پردے پر ریلیز سے قبل دھوم مچا دی ہے۔

ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں فلم ’مرزا پور‘ کا انتہائی متوقع ٹریلر جاری کیا گیا، جس کے بعد مداحوں میں فلم کے حوالے سے جوش و خروش پیدا ہو گیا ہے۔

اس فلم میں مقبول او ٹی ٹی سیریز کے کرداروں اور کہانی کو بڑے پردے پر منتقل کیا گیا ہے، جب کہ علی فضل، پنکج ترپاٹھی، دویندو اور دیگر کاسٹ ارکان دوبارہ اپنے کرداروں میں نظر آئے ہیں۔

گرمیت سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں جتیندر کمار، روی کشن اور رسیکا دوگل سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔ ٹریلر میں طاقت کی کشمکش، شدید تنازعات اور ڈرامائی لمحات سے بھرپور وہی مانوس دنیا دکھائی گئی ہے جو ’مرزا پور‘ فرنچائز کی شناخت رہی ہے۔

ٹریلر جاری ہونے کے بعد سوشل میڈیا کے متعدد صارفین نے آن لائن اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے فلم کو ’’بڑے پردے پر تباہی‘‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ٹریلر میں ’مرزا پور‘ سے وابستہ شدت اور پاگل پن کو ویسے ہی برقرار رکھا گیا ہے۔

اصل سیریز سے تعلق کے باعث ٹریلر کو مسلسل توجہ حاصل ہورہی ہے۔ ایک اور سوشل میڈیا صارف نے ٹریلر کو سراہا، تاہم ممکنہ سینسر کٹوتیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ صارف نے لکھا ’’ٹریلر تو زبردست ہے، پر کون دیکھے گا اس کو جب اس میں 500 سے زائد سینسر بورڈ کٹس ہوں گی۔‘‘

ایک اور صارف نے لکھا ’’شدت، بے باکی، پھیلاؤ اور مرزا پور والا مخصوص انداز سب اس ٹریلر میں برقرار رکھا گیا ہے۔ اور یہ ٹریلر ڈرامے، انتقام، طاقتور کرداروں اور ایسے لمحات سے بھرپور نظر آتا ہے جن پر شائقین داد دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ ’’مرزا پور دی مووی‘‘ 4 ستمبر 2026 کو سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں