اتوار, مارچ 23, 2025
اشتہار

پاکستان نمبر ون ٹیم کیسے بنی تھی؟ مصباح الحق نے حقیقت کھول دی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ ٹیم صرف چند دن عالمی نمبر ون ٹیم رہنے کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی قومی ٹیم کس طرح ٹاپ پر آئی سابق کپتان مصباح الحق نے حقیقت کھول دی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ سے قبل نمبر ون ایک روزہ ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا تاہم یہ اعزاز صرف چند دن ہی رکھ سکی اور ایشیا کپ میں بھارت اور سری لنکا سے عبرت ناک شکستوں کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی۔ قومی ٹیم کیسے نمبر ون ٹیم بنی تھی اس پر سابق کپتان اور پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے بالآخر لب کشائی کر دی۔

پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل اسپورٹس چینل اے اسپورٹس کے پروگرام دی پویلین میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان سی اور ڈی کلاس ٹیموں سے کھیل کر آئی سی سی ٹاپ رینک ٹیم بنی۔

سابق کپتان نے حقیقت کو کھل کر بیان کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ٹاپ ٹیمیں ہیں جو پاکستان آئیں لیکن ہمیں یہ حقیقت نہیں بھولنا چاہیے کہ انہوں نے اپنی سی اور ڈی ٹیموں کو پاکستان بھیجا تھا جس میں ان کے اہم کھلاڑی شامل نہیں تھے۔

مصباح نے کہا کہ ہمارے آسٹریلیا کی سی کلاس، نیوزی لینڈ کی ڈی کلاس اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں سے جیت کر ہمارے ریٹنگ پوائنٹس بڑھ گئے اور ہم نمبر ون بن گئے لیکن ہمیں اصل حقائق کو ذہن میں رکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی سی ٹیم بھی ایک میچ جیت گئی جب کہ نیوزی لینڈ جس کی سی بھی نہیں بلکہ ڈی ٹیم کھیل رہی تھی۔ اہم کھلاڑی آئی پی ایل میں چلے گئے تھے، تیسری سطح کے کھلاڑی بھی ٹیم میں شامل نہیں تھے جب کہ ہماری بیسٹ الیون کھیل رہی تھی اور پھر بھی میچز مسابقتی ہو رہے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کو حقیقت پسندی سے سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ کہاں کھڑا ہے۔ ہمیں اصل حقائق کو ذہن میں رکھنا چاہیے اور نمبر ون بننے کا جشن نہیں منانا چاہیے۔ رینکنگ تب ہی اہمیت رکھتی ہے جب اپنے ہم پلہ جماعتوں کے ساتھ کھیل کر جیتیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال مارچ میں آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں 1-2 سے جبکہ مئی 2023 میں نیوزی لینڈ کو 1-4 سے شکست دی تھی تاہم پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے دونوں وارم اپ میچوں میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے شکست کھا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں