لاہور : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مودی اور بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے، آر ایس ایس کا دہشت گرد ونگ کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔
لاہور میں وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم حد سے بڑھ گئے ہیں، کشمیری اپنا حق مانگ رہے ہیں اور پاکستانی قوم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔
مشال ملک نے کہا کہ پیلٹ گن سے معصوم بچوں کے جسم چھلنی کیے جارہے ہیں، دو سو خواتین کی عصمت دری کی گئی ہے، عالمی دنیا بھارت کا بائیکاٹ کرے ۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے ، اب ہمارا کفن پاکستانی پرچم ہے۔
مشال ملک نے کہا کہ انکے شوہر کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، انسانی حقوق کی تنظیموں کو مداخلت کے لیے خطوط لکھ دیئے ہیں۔
مزید پڑھیں : بھارت دہشت گرد ملک ہے،مشال ملک
اس سے قبل بھی حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کررہا، بھارت پاکستان پر جنگ مسلح کرنا چاہتا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر دنیا کی نظروں سے اوجھل رہے۔