اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے کلگام میں گھروں کا محاصرہ کرکے نوجوانوں کو شہید کیا، گزشتہ 6 دنوں میں بھارتی فورسز نے 16 کشمیریوں نوجوانوں کو شہید کردیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہی ہیں، اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فورسز کرونا وائرس کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے، عالمی ادارہ صحت مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کے مظالم رمضان میں بھی نہ رک سکے،3 کشمیری نوجوان شہید
واضح رہے کہ بھارتی فورسز کے مظالم رمضان المبارک میں بھی نہیں رک سکے ہیں، آج بھی کلگام میں تین کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔
اس سے قبل 25 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلواما کے علاقے اونتی پورہ میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن میں گھر گھر تلاشی کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 2019 میں بھارتی فورسز نے خواتین سمیت 210 کشمیریوں کو شہید کیا، 2 ہزار سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے تشدد سے زخمی ہوئے جبکہ 64 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔