اسلام آباد : سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کو باقاعدہ طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور آج 20 رکنی مرکزی کونسل کی تشکیل کا مرحلہ طے کرلیا گیا ہے.
اس بات کا اعلان انہوں نے ایم ایم اے کے پہلے اجلاس کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق، امیر جمعیت اہلحدیث ساجد میر سمیت دیگرعلمائے اکرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا.
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کے اجلاس کے بعد ایم ایم اے باقاعدہ طور پر بحال ہو گئی ہے اور ایم ایم اے کے دستور کے تحت 20 رکنی مرکزی کونسل پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے.
فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کے نام سے ایک جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ تھی جس کے لیے اب ہمیں دوبارہ رجسٹریشن کی طرف جانا ہوگا اور یہ مرحلہ بھی طے کرنا ہوگا.
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک گیر سطح پرکشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا.
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے لیے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے، ایم ایم اے بحال ہو چکی ہے اب اسے فعال کرنا ہے اور دیگر جماعتوں کو بھی اس اتحاد میں شامل کرنا ہے، متبادل قیادت کے لیے ایم ایم اے سامنے آئے گی.
امیرجمعیت اہلحدیث ساجد میر نے بتایا کہ ایم ایم اے کی مرکزی کونسل 20 ارکان پر مشتمل ہے جب کہ تمام فیصلے باہمی مشاورت سے طے کیے جائیں گے.