کراچی: سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں معطل کی گئی موبائل سروس بحال ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام میں امن و امان و برقرار رکھنے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حکومت نے آج غیر اعلانیہ طور پر موبائل فون سروس بند کردی تھی جس کے باعث شہریوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
صوبائی حکومتوں کی جانب سے وفاقی حکومت کو موبائل فون کرنے کی درخواست دی گئی تھی جس پر مرکزی حکومت نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو دو روز یعنی 9 اور 10 محرم کو جلوس کے اوقات میں موبائل بند کرنے کی ہدایت دی۔
اطلاعات ہیں کہ حکومتی ہدایت پر 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس صبح 7 سے رات 9 بجے تک بند رکھی جائے گی تاہم 8 محرم کو موبائل فون بند سروس بند کرنے کا کوئی نوٹی فکیشن یا اعلامیہ سامنے نہیں آیا تھا۔
اچانک موبائل سروس بند ہوجانے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب ملک کے مختلف شہروں میں سروس بحال ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ محرم الحرام میں کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہنے کے پیش نظر صوبائی حکومتیں دفعہ 144 نافذ کرتی ہیں جس کے تحت ڈبل سواری اور اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی ہوتی ہے جبکہ جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جاتی ہے۔
کراچی میں نکالے جانے والے تعزیتی جلوس کے راستے میں آنے والی تمام دکانوں اور ایم اے جناح روڈ کو کل رات سے تین دن تک کے لیے مکمل سیل کردیا گیا ہے اور لنک روڈز پر کنٹرینرز کے ذریعے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ہیں۔