تازہ ترین

ماڈل کورٹس میں تیز ترین سماعتیں جاری، 108مقدمات کا فیصلہ، پانچ مجرموں کو پھانسی

اسلام آباد : ملک بھر میں167ماڈل کورٹس نے آج مجموعی طور پر108مقدمات کا فیصلہ سنا دیا، پانچ مجرمان کو پھانسی جبکہ08کو عمرقید کی سزا سنائی گئی، عدالتوں نے556 گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔

تفصیلات کے مطابق سائلین کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی کیلئے پاکستان کے ماڈل کورٹس میں مقدمات کی تیز ترین سماعت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

اس سلسلے میں167ماڈل عدالتوں نے آج کے دن مجموعی طور پر108مقدمات نمٹا دیئے۔ تمام عدالتوں نے556 گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کی ماڈل کورٹس نے قتل کے نو اورمنشیات کے 48 مقدمات کے فیصلے سنائے۔

اسلام آباد کے ماڈل کورٹس نے قتل اور منشیات کے دو،دو مقدمات نمٹائے جبکہ سندھ میں قتل کے نو اور منشیات کے دس مقدمات کے فیصلے سنائےگئے۔

اس کے علاوہ کے پی میں قتل کے8،منشیات کے17 اور بلوچستان میں منشیات کےتین کیسز کا فیصلہ ہوا، مذکورہ تمام عدالتوں نے5مجرمان کو سزائے موت اور 8کو عمرقید کی سزا سنائی، علاوہ ازیں دیگر جرائم میں ملوث17مجرمان کو57سال سے زائد قید اور 19911920 جرمانہ عائد کیا گیا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ایک کیس میں ریمارکس دیئے تھے کہ22 کروڑ آبادی کے لیے صرف3ہزار ججز ہیں، ججز کی آسامیاں پر کی جائیں تو زیرالتواء مقدمات ایک دوسال میں ختم ہوجائیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ زیرالتوا مقدمات کا طعنہ عدالتوں کو دیا جاتا ہے جبکہ قصور وار عدالتیں نہیں کوئی اور ہے۔

Comments