کراچی: شہرِ قائد میں ماڈل گرل رباب شفیق کی ہلاکت کے معاملے پر مقامی عدالت نے ایکشن لیتے ہوئے مقتولہ کی قبر کشائی کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فروری میں کراچی کے علاقے موچکو سے ایک ماڈل رباب شفیق کی لاش ملی تھی جس کی موت مبینہ اسقاط حمل کے دوران واقع ہوئی تھی، جس کے الزام میں پولیس نے نرس اور ایک اسسٹنٹ کو گرفتار کر لیا تھا۔
مقامی عدالت نے ماڈل رباب کی قبر کشائی کا حکم دے دیا ہے، قبر کشائی کے بعد مقدمے کا چالان جمع کرایا جائے گا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمہ روبینہ اور ملزم عاطف شاہ سمیت 4 ملزمان عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ماڈل گرل کے قتل میں ملوث ملزمان تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
ماڈل گرل کو فیملی کئیر اسپتال میں اسقاط حمل کے لیے لایا گیا تھا، جہاں اس کی موت واقع ہو گئی تھی، مقدمے کا مرکزی ملزم عمر ضمانت پر ہے۔
یاد رہے کہ 22 فروری کو ماڈل گرل رباب کی لاش موچکو تھانے کے قریب سے ملی تھی، جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ اس کی موت ایک غلط انجیکشن لگنے کی وجہ سے ہوئی، ملزمان نے رباب کی لاش قبرستان میں پھینک دی تھی۔