لاہور : پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کو مستعفی ہوجانا چاہیئے، نوازشریف عدلیہ پر تنقید اور شہباز شریف عدالت کے فیصلے سے خوش ہوتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ چوہدری منظور بھی موجود تھے، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نااہل عزیر اعظم نواز شریف عدلیہ پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ شہباز شریف اس پر خوش ہیں کہ ان کا اورنج ٹرین کا منصوبہ مکمل ہو رہا ہے۔
شریف برادران کو عدلیہ کا فیصلہ ماننا چاہیئے، چاہے حق میں آئے یا مخالفت میں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ہمیشہ مخالفت کی اور ملوث ملزمان کیلئے سخت سے سخت سزا کا مطالبہ کیا۔
ماڈل ٹاؤن رپورٹ کے بعد شہبازشریف کو مستعفی ہوناچاہیے، شہبازشریف اور راناثناءاللہ کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے، طاہر القادری ہوں یا کوئی اور جماعت، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کے لیے ڈائیلاگ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی دھرنااحتجاج کیخلاف ہے لیکن احتجاج سب کا حق ہے، اگر کوئی ملک اور آئین کی بحالی کے لیے ساتھ چلنا چاہے تو سب ایک ساتھ چلیں گے۔ سیاست کے اندر تلخیاں بھی ہوتی ہیں۔
قمرزمان کائرہ نے مقتول کارکن کے حوالے سے کہا کہ مقتول کا خاندان پرانا ورکر ہے، ان کے بچے کا سرعام قتل بہت سارے سوال کھڑے کر گیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتل کو گرفتار کرنے کے لیے دہشت گردی کی دفعات لگائی جائیں۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماء چودھری منظور کا کہنا تھا کہ معاملہ کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتے، پارٹی ورکر کا قتل افسوس ناک واقعہ ہے، ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری منظورکا کہنا تھا کہ حکومت کےگڈ گورننس کے صرف دعوے ہیں، خواجہ آصف کئی مہینے سےآصف زرداری کوفون کرتے رہے، جب انہوں نےفون ریسیو نہیں کیا تو وہ مخالفت کررہے ہیں۔