جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

مودی نے بنگلہ دیش میں بھارت نواز حکومت جاتے ہی اعلیٰ سطح کا اجلاس بلالیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت جانے کے بعد اعلیٰ سطح کا اجلاس بلالیا ہے۔

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی بھارت نواز حکومت جاتے ہی مودی سرکار کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے، پڑوسی ملک میں سیاسی بحران، شیخ حسینہ کے استعفیٰ اور ملک سے فرار کے بعد وزیر اعظم مودی کی زیر صدارت دہلی میں بھارتی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کابینہ کمیٹی برائے سلامتی (سی ایس ایس) کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں انھیں بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

- Advertisement -

اس اجلاس میں را کے سربراہ روی سنہا، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، کابینہ سیکریٹری راجیو گوبا، پی ایم کے پرنسپل سیکریٹری پی کے مشرا اور انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا موجود تھے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد ملک سے فرار ہوکر بھارت میں ہندان ایئربیس پہنچ گئی ہیں۔

حسینہ واجد اپنی بہن کے ہمراہ خصوصی طیارے میں بھارت پہنچیں، انھیں مستعفی ہونے سے قبل تقریر بھی ریکارڈ کرانے کا موقع نہیں دیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کے قریب ایئربیس پہنچنے پر شیخ حسینہ واجد کی بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والی وزیراعظم حسینہ واجد کو مختصر قیام کے بعد بھارت سے لندن روانہ کیا جائے گا جہاں ان کے اہلخانہ پہلے سے موجود ہیں۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش میں کوٹا سسٹم کے خلاف شروع ہونے والے طلبا کے ملک گیر احتجاج کے بعد سول نافرمانی کی تحریک نے جنم لیا تھا، جس کے نتیجے میں طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والی حسینہ واجد مستعفی ہوکر بھارت فرار ہو گئی تھیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں