قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی کرکٹ کے دو سے تین سال ضائع کردیے۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی اور ساتھی کرکٹرز سمیت اپنی نجی زندگی سے متعلق کھل کر اظہار خیال کیا۔
سرفراز نے کہا کہ محمد عامر میرے قریبی دوست اور بہت اچھے ساتھی رہے ہیں، میں نے ہمیشہ عامر سے کہا کہ آپ کو پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ کبھی نہ ہونے سے بہتر ہے اور وہ صحیح وقت پر آئے ہیں کیونکہ پاکستان کو ان کی ضرورت ہے اس لیے مجھے امید ہے کہ ان کی واپسی یقینی طور پر پاکستان ٹیم کو فائدہ دے گی۔
سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے محمد عامر کو ریٹائرمنٹ نہ لینے کا مشورہ دیا، اگر وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے رہیں تو یہ ملک اور فاسٹ بولر دونوں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ میں نے عامر کو اس وقت بھی مشورہ دیا تھا کہ ہمیں اپنا میدان نہیں چھوڑنا چاہیے لیکن اس کے ذہن میں کچھ تحفظات تھے جس کی وجہ سے وہ ریٹائر ہوا۔