برسلز: کامن ویلتھ گیمز میں ریسلنگ کے مقابلے میں پاکستانی ریسلر محمد بلال نے 57 کلو گرام کیٹگری میں انگلش ریسلر کو 1.6 سے شکست دے کر برانز میڈل اپنے نام کر لیا جس کے بعد مجموعی طور پر پاکستان کو تین برانز میڈل حاصل ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان سے دو ریسلر ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں جن میں محمد بلال اور اسد بٹ شامل ہیں، دونوں کھلاڑیوں نے اپنے ابتدائی میچیوں میں کامیابی سمیٹنے کے بعد دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی تاہم اسد بٹ بھارتی کھلاڑی سوشیل کمار سے یکطرفہ مقابلے میں ہار گئے۔
ریسلر محمد بلال نے 57 کلو گرام اور اسد بٹ نے 74 کلو گرام کیٹگری کے مقابلوں میں حصہ لیا، جہاں اسد بٹ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن پاکستانی ریسلر محمد بلال نے سری لنکا کے چارلس فرنینڈو کو 12.2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تاہم وہ بھی بھارتی ریسلر راہول سے مقابلہ نہ جیت سکے۔
کامن ویلتھ گیمز، پاکستان اورملائیشیا کا ہاکی میچ بھی ایک ایک گول سے برابر
علاوہ ازیں مقابلے سے قبل پاکستان ریسلنگ ٹیم کے مینجر ارشد ستار کا کہنا تھا کہ پاکستانی ریسلرز پوری تیاری کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں، جیت کے لیے کھلاڑی پرعزم ہیں، مقابلہ جیت کر ملک کا نام روشن کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں نے پہلے سی ہی تیاری شروع کردی تھی، پوری امید ہے کہ محمد بلال اور اسد بٹ گولڈ میڈل کے حصول میں بھی کامیاب ہوجائیں گے۔
کامن ویلتھ گیمز: ایک اور میڈل پاکستان کے نام
خیال رہے کہ آج کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی ایونٹ کا مقابلہ ہوا جس میں پاکستان ہاکی ٹیم مسلسل تین بار شکست کے بعد اپنا چوتھا میچ بھی نہ جیت سکی، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔