بیسویں صدی میں اردو کے بڑے شاعروں اور ادیبوں میں ڈاکٹر محمد دین تاثیر بھی شامل تھے جنھیں عام طور پر ایم ڈی تاثیر کے نام سے شناخت کیا جاتا ہے۔ اردو زبان کے اس معروف شاعر اور نقاد کو پاکستان میں ایک ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے بھی پہچانا جاتا تھا۔
ایم ڈی تاثیر 28 فروری 1902 کو ضلع امرتسر کے علاقے اجنالہ میں پیدا ہوئے۔ وہ کشمیری خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ ایم ڈی تاثیر علامہ اقبالؒ کے بچپن کے دوست تھے۔ 1933 میں ڈاکٹر تاثیر نے ایک ادبی جریدہ ’’کارواں‘‘ کا اجرا کیا۔ ایم اے کرنے کے بعد پنجاب یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہو گئے۔ تاثیر صاحب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انگریزی ادب میں انگلینڈ سے پی ایچ ڈی کرنے والے وہ برصغیر کے پہلے آدمی تھے۔ 1935 کے آخر میں ایم ڈی تاثیر ایم اے او کالج امرتسر کے پرنسپل بن گئے۔ اور ادبی کاموں کے ساتھ ان کا نام فیض احمد فیض کے ساتھ انجمن ترقی پسند مصنفین کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل ہوا۔ ان کی مشہور کتابوں میں ’’آتش کدہ اور مقالاتِ تاثیر‘‘ کے نام لیے جا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر تاثیر نے رومانوی شاعری کو نئی جہتوں سے روشناس کیا۔ ان کی غزل کا اپنا ایک آہنگ ہے۔ چھوٹی بحر میں انہوں نے کمال غزلیں تخلیق کیں۔
ایم ڈی تاثیر 1953ء میں آج ہی کے روز لاہور میں انتقال کرگئے تھے۔ پروفیسر حمید احمد خاں نے ان کے کمرے کا نقشہ دل چسپ انداز میں کھینچا ہے۔ ملاحظہ کیجیے:
بچپن کے بعد میں تاثیر سے دوبارہ ملا تو 1930ء کے دن تھے۔ یہ وہ دن تھے جب تاثیر صاحب بارود خانے والے کمرے میں براجتے تھے۔
اس کمرے کے ایک کونے میں ایک چھوٹی سی میز اور اس کے پیھے ایک کرسی خود ان کے لیے مخصوص تھی۔ کمرے میں اِدھر اُدھر، زیادہ تر کتابوں اور تصویروں کے لیے اور کم تَر ملاقاتیوں کے لیے، نشست کا انتظام تھا۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ تاثیر صاحب ملاقاتیوں کی آمد سے خوش نہ ہوتے تھے۔ لیکن کمرے کا مجموعی نقشہ ایسا ضرور تھا کہ کتابیں اور تصویریں اس پر چھائی ہوئی معلوم ہوتی تھیں۔
یہاں تاثیر سے میری ملاقاتیں میرے دوست ممتاز حسن کی رفاقت کے سہارے شروع ہوئیں۔ بالعموم ہم دونوں مل کر تاثیر کے پاس جاتے اور گھنٹوں بیٹھتے تھے۔ ہمارے لیے یہاں سب سے بڑی کشش یقیناً تاثیر صاحب کی بذلہ سنجی اور ذہانت تھی، لیکن کچھ اور چیزیں بھی ہمیں بار بار اور کشاں کشاں یہاں لاتی تھیں۔ اس کمرے میں چغتائی کی تصویریں کثرت سے ملتی تھیں۔ یہاں مغربی موسیقی کے لاجواب ریکارڈ سننے میں آتے تھے۔ لاہور کے ادیبوں سے ملاقات ہوتی تھی۔ کبھی کبھی کوئی ”لذیذ“ کتاب، مثلاً فرینک ہیرس کی خود نوشت سوانح عمری، پڑھنے کو مل جاتی تھی۔
اس ہنگامے کے درمیان تاثیر صاحب فراست و ظرافت اور فراغت و عیش کا دیوتا بنے بیٹھے رہتے تھے۔ یہیں وہ چونے منڈی کے چٹپٹے کباب اور بیٹہوون کے آسمانی سرود سے بیک وقت لذّت اندوز ہوتے تھے۔ ”نیرنگِ خیال“ کے اختراعات نے یہیں جنم لیا، ”کارواں“ یہیں سے جاری ہوا، دورِ شباب کی نظمیں اور تنقیدیں یہیں قلم بند ہوئیں، بے شمار کتابیں یہیں پڑھی گئیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ مستقبل کے متعلق منصوبے یہیں باندھے گئے۔


