اسلام آباد (17 اکتوبر 2026): جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر ردعمل کا اظہار کر دیا۔
محسن نقوی نے گزشتہ روز لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا تھا کہ گورنر راج میں حصہ اور گورنرشپ نہ ملنے پر ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ناراض ہیں، یہ وہی ہیں جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے، ان کا یہ حال تھا کہ اپنی سیاسی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے، ایسے سیاستدانوں کو آج دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا۔
اس پر آج ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے ردعمل دیا۔ انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں کہا کہ محسن نقوی نے جو کچھ کہا ہے وہ قیاس آرائیاں ہیں، وزیر داخلہ نے جو کچھ کہا اس میں کسی پارٹی کا نام نہیں لیا، ان کی بات کو کسی نے مولانا فضل الرحمان اور کسی نے اے این پی سےجوڑا۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر راج میں حصہ اور گورنرشپ نہ ملنے پر کون ناراض ہے؟ محسن نقوی کا اہم بیان
اسلم غوری نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے محسن نقوی کے بیان پر واضح طور پر جواب دیا اور حقائق یہی ہیں، 2024 کے الیکشن کے بعد نواز شریف، شہباز شریف اور آصف علی چاہتے تھے کہ جے یو آئی حکومت میں شامل ہو، جب حکومت سازی ہو رہی تھی تو کہا گیا ہوائی جہاز بھیج رہے ہیں لاہور آ جائیں، لیکن مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا کہ اپوزیشن میں ہوں اسی میں کردار ادا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے سامنے بھی حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دی، مجھے نہیں پتا کہ محسن نقوی نے جو کہا وہ کس لیے تھا، وزیر داخلہ نے جو بیان دیا ہے اس کو واضح کرنا چاہیے، کیا محسن نقوی چاہتے ہیں کہ جے یو آئی لانگ مارچ شروع کر دے، وہ حکومت کیلیے کیوں مشکلات پیدا کرتے ہیں؟


