اسلام آباد : محرم الحرام میں انٹرنیٹ اور موبائل فون کی بندش سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا گیا، وزیر داخلہ نے کہا زمینی حقائق اور سیکیورٹی صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت امن وامان سےمتعلق اجلاس ہوا ، جس میں چاروں صوبوں،جی بی اور آزادکشمیرمیں محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان کاجائزہ لیا گیا۔
یکم سے 10محرم کےدوران جلوس اور مجالس کی ڈرون کوریج پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون کی بندش کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے تناظر اور صوبوں کے مشاورت سے ہوگا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، زمینی حقائق اورسیکیورٹی صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے، امن سےمتعلق صوبوں،آزادکشمیراورگلگت بلتستان کی ضروریات کوپورا کیا جائے گا۔
انھوں نے ہدایت دی کہ جلوسوں و مجالس کی کیمروں کےذریعے نگرانی کی جائے اور ضابطہ اخلاق پرپابندی کرائی جائے جبکہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی پر توجہ دی جائے۔
محسن نقوی نے بارشوں کے پیش نظر جلوسوں اورمجالس کیلئے پیشگی پلان تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جلوس کےداخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کا حکم دے دیا۔