(4 نومبر 2026): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کا قبضہ مل گیا، بلڈنگ کو جلد 5 اسٹار ہوٹل میں تبدیل کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی ہم عرصے سے منتظر تھے جس کے بعد حکومت کو ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کا قبضہ مل گیا، جس دن ایکشن لیا تو ہمارے کچھ دوستوں نے ایسا تاثر دیا جیسے بڑا گناہ کر دیا، ہم نے یہی کہا تھا کہ جو بھی ہوگا ہم اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اللہ کا شکر ہے جے آئی ٹی کی سفارشات کو منظور کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں چاہے حکومتی بلڈنگ ہو یا گرین بیلٹ تھانے کارروائی کریں گے، جس بے دردی سے اسلام آباد کی زمینوں پر قبضہ کیا گیا اس کا آپ اندازہ نہیں کر سکتے، چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کئی گھروں نے اپنے لان کو آگے بڑھایا ہوا ہے، ایف 6، ایف 10 یا کوئی اور سیکٹر ہے لوگ گھروں کو اپنی حدود میں لائیں۔
اسلام آباد میں ہوٹلوں کی شدید کمی ہے
ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ آئندہ چند ماہ میں اس بلڈنگ کو ہم 5 اسٹار ہوٹل میں تبدیل کریں کیونکہ یہ بلڈنگ اسی مقصد کیلیے بنائی گئی تھی، ویسے بھی اسلام آباد میں ہوٹلوں کی شدید کمی ہے، کوشش کریں گے کسی بڑی چین کے ساتھ معاہدہ کریں اور اس کو ہوٹل میں تبدیل کریں۔
ایسا نہیں ہو سکتا کہ غریب اور امیر کیلیے الگ الگ اسٹینڈرڈ ہو۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یہ سی ڈی اے کے لوگوں کی غلطی ہے جس وجہ سے یہ سارا مسئلہ ہوا ہے، بلڈنگ کے جن لوگوں کا نقصان ہوا اس کا ازالہ کریں گے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ غریب اور امیر کیلیے الگ الگ اسٹینڈرڈ ہو۔
محسن نقوی نے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے پیچھے ایک ہزار ایکڑ زمین ریکور کی گئی، ہمارا سفاری پارک بنانے کا منصوبہ ہے وہ زمین بھی ریکور کروائی گئی۔


