وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فیک نیوز پھیلانے والوں کو کہیں تحفظ نہیں ملے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر باتیں کرنے والوں کو جلد واپس لائیں گے، ایسا نہیں ہوگا کہ غلط خبر پھیلائیں اور کوئی پوچھے بھی نہیں، ریاست کا فیصلہ واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایجنٹ مافیا مہم چلا رہا ہے، ایجنٹ مافیا بھی پکڑے جائیں گے، 3 دن پہلے اسلام آباد ایئرپورٹ پر گیا ایک شخص سعودی عرب جارہا تھا، اس شخص کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا اور وہ ڈرائیورنگ کے لیے جارہا تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس شخص کے سعودی عرب جانے کے لیے 10 لاکھ روپے لگے ہوئے تھے، اسے گاڑی میں بٹھایا تو اسے گاڑی چلانا نہیں آتی تھی، ہمیں اپنے سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے خرابیوں کی نشاندہی کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل ایک طالب علم نے مسیج کیا کہ جارجیا پڑھنے جارہا ہوں، اس کا ویزا ایران سے لگا ہوا تھا، اس کا پاسپورٹ کیسے ایران چلا گیا وہاں سے ویزا لگ کر آیا، یہ بھی ہورہا ہے کہ ایک جگہ روکا گیا دوسری جگہ سے نکل گیا، یہ کہنا غلط ہے کہ لوگوں کو باہر جانے سے روک رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ چاہتے ہیں ہمارے لوگوں کو باہر نوکریاں ملیں، جو لوگ درست ویزے پر جارہے ہیں وہ جتنی دفعہ مرضی جائیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


