کراچی(2 دسمبر 2025): قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان بھی فیک نیوز کا شکار ہوگئے۔
گزشتہ روز سندھ کے شہر حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے 65 سال کے سینئر کرکٹر معین خان راجپوت کا انتقال ہوا لیکن سوشل میڈیا پر معین راجپوت کے بجائے قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کی تصویر شیئر کر گئی۔
جس کے بعد سابق کپتان معین خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ میں خیریت سے ہوں، صبح سے ایک خبر گردش کررہی ہے جن صاحب نے بھی یہ حرکت کی ہے انہوں نے نہایت ہی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں مکمل صحت مند اور بالکل خیریت سے ہوں۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر کی وجہ سے دوست پریشان ہوگئے، سوشل میڈیا نے بغیر کسی تصدیق کے میرے متعلق خبر چلائی، سوشل میڈیا کے دوست خبر کی تصدیق کرلیا کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد کے کرکٹر اور محبوب اسپورٹس کرکٹ کلب کے کپتان، معین خان راجپوت 65 برس کی عمر میں دل کا جان لیوا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔
معین راجپوت حیدرآباد کی اسپورٹس تاریخ میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت اور رہنمائی میں ان کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط تھیں۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ محبوب کرکٹ گراؤنڈ، یونٹ نمبر 5 لطیف آباد میں ادا کی گئی، جہاں شہر بھر سے کھلاڑی، سابق کرکٹرز، اسپورٹس آرگنائزرز، سیاسی شخصیات اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


