ایران کی وزارت صحت نے سپریم لیڈر مجتبہ خامنہ ای کی صحت سے متعلق تفصیلات بیان کردیں۔
ایران کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ وزارت صحت ڈاکٹر کرمان پور کا کہنا ہے کہ جنگ کے پہلے دن رہبر انقلاب کو معمولی چوٹیں آئی تھیں، سپریم لیڈر کی ٹانگ پر 2 سے 3 ٹانکے لگائے گئے تھے۔
ڈاکٹر کرمان پور کا کہنا ہے کہ رہبر انقلاب کی چوٹیں ایسی نہیں تھیں جس سے چہرہ یا شکل کی حالت خراب ہوگئی ہو، ایسی چوٹیں نہیں تھیں کہ جسم کا کوئی حصہ کاٹنا پڑ گیا ہو۔
خیال رہے 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای کو ان کے والد اور سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی وفات کے بعد 9 مارچ کو ‘مجلسِ خبرگان’ نے نیا قائد منتخب کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے پہلے دن ہونے والے ان حملوں میں زخمی ہوئے تھے جن میں ان کے والد علی خامنہ ای جاں بحق ہو گئے تھے۔
منصب سنبھالنے کے بعد سے وہ اب تک صرف تحریری بیانات جاری کرتے رہے ہیں اور اپنے والد کے برعکس، جو اکثر عوامی اجتماعات میں نظر آتے تھے، وہ اب تک منظرِ عام پر نہیں آئے۔
ایران کی سڑکوں پر نئے لیڈر کی تصاویر تو ہر جگہ موجود ہیں لیکن ان کی جسمانی غیر موجودگی پر مختلف سوالات اٹھ رہے تھے۔
واضح رہے کہ ان کے والد علی خامنہ ای نے 30 سال سے زائد عرصے تک ایران کی قیادت کی تھی، جو خود 1989 میں انقلابِ ایران کے بانی آیت اللہ روح اللہ خمینی کے جانشین بنے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


