کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں جس کی تعبیر کے لیے قبل از وقت الیکشن کرانے کا غیر آئینی مطالبہ کر رہے ہیں.
رہنما پی پی پی مولا بخش چانڈیو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے اعلان کیا کہ 18 اکتوبر کو حیدر آباد میں تاریخی جلسہ عام سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے.
انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کو حیدرآباد کے جلسے میں عوام کا سمندر ہوگا اور سندھ کے غیور عوام اپنے محبوب قائد اور بی بی شہید کے فرزند کو سننے کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہوں گے.
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف اب فارغ ہو چکے ہیں چنانچہ وہ کسی وقت بھی آجا سکتے ہیں اس لیے اب ان کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا ہے.
انہوں نے کہا کہ تانیہ خاصخیلی جیسے واقعات سندھ میں نہیں ہونے چاہئیں ایسے واقعات سندھ کی اعلیٰ روایات اور باوقار تہذیب و تمدن کا مسکن جو صدیوں پر مشتمل روشن تاریخ ہے چنانچہ ایسے واقعے سندھ پر بدنما داغ ہیں.
خیال رہے پچھلے ہفتے پاکستان تحریک انصاف نے حیدرآباد میں جلسہ عام کا انعقاد کیا تھا جس سے چیئرمین عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری اور پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کی تھی.