شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مومنہ اقبال نے بتایا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’احسان فراموش‘ میں منفی کردار کا ان کی اصل زندگی پر کتنا اثر پڑا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں ڈرامہ سیریل ’احسان فراموش‘ کے مرکزی کرداروں مومنہ اقبال اور ہمایوں اشرف نے شرکت کی اور کردار سے متعلق اظہار خیال کیا۔
میزبان ندا یاسر نے پوچھا کہ ’منفی کردار کا اصل زندگی میں بھی اثر پڑتا ہے؟
مومنہ اقبال نے بتایا کہ ’جب میں نے پہلی بار منفی کردار کیا تھا تو ایسا لگتا تھا کہ میں ہر کسی سے چھوٹی چھوٹی بات پر لڑتی رہتی ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’احسان فراموش‘ میں مجھے ڈائریکٹر اور ٹیم اس طرح کی ملی ہے کہ سیٹ پر ہنسی مذاق چلتا رہتا ہے تو مجھ پر کردار کا اثر نہیں ہوتا لیکن جب مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں نے بہت زیادہ منفی کردار کردیا ہے تو میں وہ سین کرنے کے بعد رونا شروع کردیتی ہوں۔‘
ہمایوں اشرف نے بتایا کہ میں نے مومنہ کے ساتھ پہلے کام کیا ہے انہوں نے پہلے کردار کو اپنے اوپر حاوی کرلیا تھا دراصل وہ اپنے کردار کے ساتھ اتنی مخلص تھیں کہ کردار میں ڈھل گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ احسان فراموش کے سیٹ پر مومنہ بالکل مختلف نظر آئیں، اس کردار کو بھی شروع میں انہوں نے خود پر حاوی کیا تھا پھر میں نے سمجھایا کہ کردار کو اپنے اوپر حاوی نہیں کیا کرو۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’احسان فراموش‘ کی دیگر کاسٹ میں عتیقہ اوڈھو، سلمان سعید، مشال خان، دانیہ انور، صدف احسان، جاوید اقبال، ظفر محمود ودیگر شامل ہیں۔
ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض سید فیصل بخاری نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی طاہر نذیر نے لکھی ہے۔