اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ن لیگی ایم پی اے پر ہراسگی کے الزام پر این سی سی آئی اے نے کارروائی شروع کردی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر قانونی کارروائی شروع کی ہے۔
اداکارہ نے لیگی اہم پی اے ثاقب چدھڑ، اہلیہ سمیرا خان کے خلاف درخواست دی ہے۔
این سی سی آئی اے نے ثاقب چدھڑ ان کی اہلیہ سمیرا خان کو 22 مئی بروز جمعے کو طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے گزشتہ روز انسٹاگرام اسٹوری میں ن لیگی ایم پی اے کے خلاف ہراسگی کے الزامات سے متعلق طویل پوسٹ شیئر کی تھی۔
یہ پڑھیں: مومنہ اقبال کو قتل کی دھمکی مل گئی
مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ مجھے ایک عرصے سے بااثر شخص کی جانب سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی اذیت اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے، این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو بار بار رپورٹ کرنے کے باوجود ملوث فرد کے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے کوئی مناسب کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا تھا کہ قانونی کارروائی کرنے کے بجائے حوصلہ شکنی کی گئی اور مجھے، میرے خاندان کو شدید خطرات لاحق ہیں، میں متعلقہ حکام سے درخواست کرتی ہوں کہ فوری طور پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور میرے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
اداکارہ نے اعلیٰ حکام سے مزید درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں فوری ایکشن لیں اور ان کی مدد کریں۔ انہوں نے اہم دفاتر، نیوز چینلز اور میڈیا پورٹلز کو بھی ٹیگ کیا۔
مومنہ اقبال نے مزید کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اعلیٰ حکام کسی بھی شخص کے خلاف غیر جانبدارانہ اور قانونی کارروائی کریں گی جو اختیارات کے ناجائز استعمال یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ میں ملوث پایا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین سیاسی شخصیات کو ٹیگ کر رہے ہیں اور اداکارہ کی شکایت پر فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


