کراچی : اسٹیٹ بینک آئندہ دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا، معاشی ماہرین شرح سود میں موجود سطح پر برقرار رہنے کی توقع کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی معاشی اعداد وشمار اور خاص طور افراط زر کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ دو ماہ کے لئے شرح سود کا اعلان کرے گی۔
اسٹیٹ بینک نے گزشتہ دو سال میں شرح سود کو نو فیصد سے بتدریج کم کرتے ہوئے پانچ اعشارہ سات پانچ فیصد کی شرح پر لایا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے بیشتر معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بینادی شرح سود میں کسی قسم کا در وبدل متوقع نہیں، تاہم مہنگائی میں اضافہ ہو سکتا ہے، دو ماہ سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، اکتوبر میں مہنگائی کی شرح چار اعشاریہ دو فیصد رہی۔
مزید پڑھیں : مانیٹری پالیسی کا اعلان
خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک مئی دوہزار سولہ میں آخری بار شرح سود میں کمی کی تھی، اس وقت شرح سو د پانچ اعشاریہ سات پانچ فیصد پر ہے، جو ملکی تاریخ میں 42 سال کی کم ترین سطح ہے۔