بدھ, اگست 12, 2026
اشتہار

متوقع بارشیں، کراچی میں نالوں کی صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں متوقع بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں شہر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر انتظامات اور ہنگامی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی)، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز، کنٹونمنٹ بورڈز، پی ڈی ایم اے اور کے الیکٹرک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز اور دیگر متعلقہ ادارے برساتی نالوں کی صفائی کا کام جلد از جلد مکمل کریں تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

حکام نے کمشنر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، جبکہ پانی کی نکاسی کے لیے پمپس، مشینری اور عملے کی تعیناتی کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

سید حسن نقوی نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز نالوں کی صفائی کے جاری کاموں کا خود معائنہ کریں اور جہاں رکاوٹیں ہوں وہاں متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری حل یقینی بنائیں۔

میونسپل کمشنر کے ایم سی نے اجلاس کو بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ نے اپنے 45 برساتی نالوں کی صفائی کا کام جون میں شروع کر دیا تھا، جبکہ ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے زیر انتظام 550 چھوٹے نالوں کی صفائی بھی جلد مکمل کر لی جائے گی۔

کمشنر کراچی نے برساتی نالوں میں کچرا پھینکنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، بلدیہ عظمیٰ اور ٹاؤن انتظامیہ باہمی رابطے سے اس مسئلے پر مؤثر اقدامات کریں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بارشوں کے دوران بجلی کے کرنٹ سے حادثات کی روک تھام کے لیے کے الیکٹرک مربوط اقدامات کرے گی، جبکہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے بچاؤ کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت تمام ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں