اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں خلا باز یوری گاگارین کے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی ، روسی سفارت خانے نے مجسمے کی تنصیب پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
اسلام آباد کے ایف-9 فاطمہ جناح پارک میں دنیا کے پہلے خلا باز یوری گاگارین کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان روسی سفارت خانہ نے بتایا کہ تقریب میں روس اور پاکستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں روس کے وزیرِ توانائی سرگئی سویلیوف، پاکستان کے وزیرِ توانائی اویس لغاری اور روسی سفیر سمیت دیگر حکام موجود تھے۔
روسی وزیر سرگئی سویلیوف نے اس موقع پر کہا کہ خلا نورد یوری گاگارین کا کارنامہ دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ کا ایک عظیم باب ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ سال اسلام آباد میں روس–پاکستان خلائی کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں خلانوردی اور خلائی ڈھانچے سے متعلق تعاون پر بات چیت ہوگی۔
یوری گاگارین کے مجسمے کی نقاب کشائی روس اور پاکستان کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کے 10ویں اجلاس کے موقع پر کی گئی۔
روسی سفارت خانے نے مجسمے کی تنصیب اور فنڈز کی فراہمی پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔


