کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد سمیت سندھ بھر میں مون سون کے پانچویں اسپیل کی پیش گوئی کی ہے، جمعہ سے پیر کے دوران مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سے مون سون کا پانچوں اسپیل شروع ہونے کا امکان ہے موسم کا حال بتانے والوں نے آج سے پیر کے روز تک سندھ میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعہ سے دو دن کے دوران مون سون کی تیز ہوائیں سندھ میں داخل ہوں سکتی ہیں جس کے نتیجے میں صوبے کے مختلف شہروں میں تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات نے مون سون کے پانچویں اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی میں آج درمیانی اور کل تیزبارش متوقع ہے، جس کے سبب کراچی میں100ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پیر تک حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیر آباد میں بارش کا قوی امکان ہے، اس کے علاوہ دادو، تھر پارکر، میرپورخاص، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبہ سندھ کے علاوہ بلوچستان میں لسبیلہ، خضدار، بارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے، یہاں بھی جمعے سے پیر تک ژوب، موسیٰ خیل میں گرج چمک کے بارش ہوسکتی ہے، لورالائی، کوہلو اور سبی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل پنجاب میں بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور راجن پور میں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں بولان اور گردونواح میں موسلادھار بارشوں کے بعد ندی اور نالوں میں شدید طغیانی آگئی، تیز بارش کے باعث قومی شاہراہ سے کوئٹہ جانے والے راستے بند ہوگئے،
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں برس کراچی سمیت سندھ میں اوسطاً 20 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کررکھی ہے جب کہ گزشتہ برس بھی خلاف توقع زائد بارشیں ہوئی تھیں۔