site
stats
پاکستان

کراچی سمیت ملک بھر میں بارش، 20 سے زائد افراد جاں بحق

اسلام آباد : ملک میں جاری مون سون کے پہلے مرحلے میں ہونے والی بارشوں اور موسمی تغیرات کی وجہ سے مختلف حادثوں میں بیس افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

تفصیلات کےمطابق کراچی سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم انتظامیہ کی نااہلی اورغفلت کے باعث ملک بھر میں باران رحمت زحمت میں تبدیل ہو گئی ہے اورکئی شہروں میں ٹریفک حادثات، چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور بارش کے پانی میں ڈوب جانے سے 20 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ متعدد زخمی ہیں۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج پورا دن مسلسل بارش ہوتی رہی جس کے باعث مختلف حادثوں میں دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

کراچی کے علاقے پنجاب چورنگی کے قریب زیرتعمیرانڈرپاس میں جمع ہونے والی پانی میں نہانے والے دو بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

اسی طرح نارتھ کراچی، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے اور ایک بچے کو بجلی کے تار سے جھلسنے کے باعث برن سینٹر لایا گیا۔

اسی طرح باغ آزاد کشمیر کے نواحی علاقے میں بارش کے دوران بے قابو وین کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے جب کہ دس افراد زخمی ہیں۔

جھنگ کے علاقے میں طوفانی بارش کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے دوبچے جاں بحق ہوگئے اسی طرح منڈی بہاؤ الدین میں سڑک میں پھسلن کی وجہ سے وین اورٹرک کی ٹکر نے تین بچیوں کی جان لے لی جب کہ حادثے میں چودہ افراد زخمی ہوئے۔

ڈی جی خان میں پیرعادل کے قریب بارش سے لطف و اندوز ہونے بچے نہانے کے لیے دریائے سندھ میں اتر گئے اور بے رحم بہاؤ میں ڈوب گئے تاحال بچوں کی لاشیں برآمد نہیں ہو سکی ہیں۔

میرپورخاص میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص کی جان چلی گئی جب کہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے اسی طرح میرپورخاص ہی میں ٹریفک حادثے نےتین افرادکی جان لے لی۔

جامشوروکے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے اور مٹیاری میں بھمبرپھاٹک کےقریب سڑک پر پھسلن کی وجہ سے کارالٹ گئی جس کے باعث چھ افرادزخمی ہوگئے۔

بارشوں کے باعث ہونے والے موسمی تغیرات کے باعث ناران میں سیاحوں گلیشیئرآن گرا جس کے ملبے تلے دب جانے والے چارسیاحو ں میں سے تین کوزخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جب کہ ایک سیاح دم گھٹنے کے باعث دم توڑ گیا۔

گزشتہ روز بارش کے باعث موٹر وے پر کلر کہارکے قریب پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ سبزہ زارمیں اداکردی گئی حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Print Friendly, PDF & Email
20

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ حقوق@2018 اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top