اسلام آباد (16 مئی 2026): ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تہران پہنچ گئے۔
محسن نقوی اہم پیغام لے کر ایران پہنچے ہیں، وہ ایرانی قیادت سے اہم ملاقات کریں گے جس میں امریکا کے ساتھ مذکرات کا معاملہ زیرِ غور آئے گا۔
وزیر داخلہ کچھ دیر پہلے ایران پہنچے ہیں جہاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان کا استقبال کیا۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے اہم ملاقات
وفاقی وزیر داخلہ کی 23 اپریل 2026 کو پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے اہم ملاقات میں مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد سے متعلق سفارتی کاوشوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ملاقات میں خطے کی تازہ ترین سکیورٹی صورتحال اور مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد سے متعلق سفارتی کاوشوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ قدم خطے میں کشیدگی کی کمی کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے اور پاکستان کو امید ہے کہ ایران کی جانب سے بھی اس سلسلے میں مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مسئلے کے پائیدار حل کیلیے ہر سطح پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں قیامِ امن اور تنازع کے حل کیلیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی تھی۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ سفارتی چینلز کا تسلسل ہی خطے کو بڑی تباہی سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔


