لاڑکانہ : سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب ڈاکو اور منشیات فروش مارا گیا، ہلاک ملزم واحد بخش عرف سونو ابڑو کے سر پر 50 لاکھ انعام مقرر تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پولیس اور وفاقی حساس ادارے نے ایک مشترکہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے سندھ کے انتہائی مطلوب ڈاکو اور منشیات فروش واحد بخش عرف سونو ابڑو کو ہلاک کر دیا۔
ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری کے مطابق یہ آپریشن ضلع کے ولید تھانے کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے ملزم واحد بخش کے سر پر حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے انعام مقرر تھا، ملزم پولیس کانسٹیبل زوار مشتاق احمد کی شہادت میں براہِ راست ملوث تھا۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کا کہنا تھا کہ واحد بخش لاڑکانہ کا سب سے بڑا منشیات ڈیلر تھا جو بڑے پیمانے پر اس مکروہ دھندے کو چلا رہا تھا، ملزم کے خلاف دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، رہزنی اور پولیس مقابلوں سمیت 30 سے زائد سنگین مقدمات درج تھے۔
یہ آپریشن وفاقی سول حساس ادارے کی جانب سے ملزم کی موجودگی کی نشاندہی پر کیا گیا، جس میں پولیس اور ملزمان کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور واحد بخش اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک ملزم کے قبضے سے جدید اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے اور اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی مکمل طور پر حاصل کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور فرار ہونے والے دیگر ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


