کراچی : باجوڑ کے رہائشی فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشتگرد دوست محمد کو گرفتار کر لیا گیا ، گرفتار دہشت گرد سرکاری مشینری کو نذرِآتش کرنے میں بھی ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر گلستان جوہر میں کاروائی کرتے ہوئے باجوڑ کی رہائشی فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشتگرد دوست محمد کو گرفتارکر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے نومبر2020 میں دیگر فتنہ الخوارج دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنرنواگئی خیبر پختونخوا پر فائرنگ کی تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد سرکاری مشینری کو نذرِآتش کرنے میں بھی ملوث ہے، دہشت گردی کی کاروائیوں کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن میں دہشتگردی کی سنگین دفعات کے تحت درج ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے گرفتار ملزم اس واقع کے بعد کراچی میں روپوش تھا، ملزم دیگر فتنہ الخوارج ساتھیوں کے ہمراہ شہر کے حساس مقامات پر دہشت گردی کی کارروائیوں کیلیے منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
ترجمان سندھ رینجرز نے مزید کہا کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں گرفتار ملزم کومزید قانونی کارروائی کیلئے سی ٹی ڈی پولیس خیبرپختونخواہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


