ہفتہ, مارچ 7, 2026
اشتہار

شیخوپورہ میں‌ جہیز کم لانے پر ساس نے دلہن کو زندہ جلا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

شیخوپورہ کے ضلع میں جہیز کم لانے پر ساس نے سات ماہ قبل بیاہ کر لائی دلہن کو زندہ جلا دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق فیروز والا میں ساس کے تشدد کا نشانہ بننے والی دلہن ثنا 7 روز موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گئی۔

تھانہ فیروزوالا کے علاقہ حیدر روڈ کی ثنا کی سات ماہ قبل مصطفی سے شادی ہوئی، مقتولہ ثناء بی بی طلاق یافتہ اور ایک معصوم بچی کی ماں تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق ثنا زوجہ غلام مصطفی کو 19 جنوری کو آگ لگائی گئی، مقتولہ نے والدہ کو بتایا کہ اس کی ساس عاصمہ بی بی نے پٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔

والدہ رخسانہ بی بی نے بتایا کہ آگ لگنے سے ثنا کا چہرہ بازو چھاتی اور 70 فیصد جسم جھلس گیا، اسے شدید زخمی حالت میں لاہور منتقل کیا گیا جہاں سات دن تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ 26 جنوری کو دم توڑ گئی۔

پولیس نے مقتولہ کے بھائی مبارک علی کے بیان پر مقدمہ درج کرکے اس کی ساس عاصمہ کو گرفتار کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ڈی پی او شیخوپورہ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، حاملہ خاتون کو آگ لگانا بدترین درندگی ہے، مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں، متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی معاونت فراہم کی جائے گی، خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہمارا عزم ہے۔

ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ نے بھی یقین دلایا ہے کہ ملزمہ کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی، واقعہ کا باغور جائزہ لیا جارہا ہے، تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں