تازہ ترین

بچی کے جسم پر سیاہ دھبے، نامعلوم افراد ماں کو بیٹی کے قتل پر اکسانے لگے

ماسکو: روسی خاتون کے ہاں ایسی بچی کی پیدائش ہوئی جس کے پیدائشی طور پر چیچک کے نشانات موجود تھے، ماں کا کہنا ہے کہ دوستوں ، رشتے داروں اور نامعلوم افراد نے مجھے بچی کو قتل کرنے پر اکسایا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی خاتون ماریہ کھوستان تسیوا کے ہاں چھ ماہ قبل ویکا کھوستان نامی بچی کی پیدائش ہوئی جس کے پیدائشی طور پر جسم پر کالے دھبے موجود تھے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ جب وہ بچی کو علاج کے لیے لے کر گئیں تو اسپتال میں موجود لوگوں نے انہیں بیٹی کو قتل کرنے کا مشورہ دیا جبکہ انٹرنیٹ پر تصاویر کو دیکھ کر ایک رشتے دار نے کہا کہ تم اپنی بچی کو ٹرین کے نیچے ڈال کر آجاؤ۔

ماریہ کھوستان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے نہ صرف میری بیٹی کے پیدائشی نشانات کا مذاق اڑایا بلکہ انہوں نے مجھے قتل پر اکسایا۔ خاتون نے پولیس میں مقدمہ  درج کرا دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے دیے گئے بیان کی روشنی میں قتل پر اکسانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تفتیشی افسر کے مطابق جس پادری نے بچی کی مذہبی رسم ادا کرنے سے انکار کیا اُس سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی تاکہ معاملے کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ مذہبی رہنما نے بچی کو دیکھنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تمھاری بیٹی کو موذی مرض ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے ویکا کو قتل کرنے کا مشورہ دیا۔

’مجھے نامعلوم افراد کی جانب سے موبائل فون پر متعدد کالز اور پیغامات موصول ہوئے جس میں انہوں نے بچی کو قتل نہ کرنے پر میری تضحیک بھی کی، انہوں نے مجھے کہا کہ اگر خود قتل نہیں کرسکتیں تو اسے خاموشی سے ٹرین کے نیچے ڈال کر آجاؤ‘۔

ماریہ کا کہنا تھا کہ ’لوگوں نے میری بیٹی کو گندہ اور غلیظ بھی بولا مگر میں نے یہ سب برداشت کیا، میں اپنے جگر گوشے کو اپنے آپ سے کسی صورت دور نہیں کرسکتی‘۔

Comments

- Advertisement -