کراچی: شادی کے بعد شوبز کو خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ عائشہ خان نے ماؤں کے عالمی دن پر اپنی بیٹی ماہ نور کے ہمراہ نئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔
عائشہ خان نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی ماہ نور کے ہمراہ نئی تصویریں شیئر کی ہیں، تصاویر میں عائشہ خان اور ان کی بیٹی ماہ نور نے ایک جیسے لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں جبکہ تصاویر انہوں نے گھر کے گارڈن میں لیں۔
عائشہ خان نے تصاویر کے ساتھ کیپشن میں اپنی بیٹی سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں تمہیں سمجھ گئی۔‘
سابقہ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگز ماہ نور کی ماما اور مدرز ڈے بھی استعمال کیے۔
View this post on Instagram
انہوں نے گزشتہ روز 14 گھنٹے پہلے ہی پوسٹ شیئر کی جسے اب تک 50 ہزار سے زائد صارفین نے پسند کیا۔
واضح رہے کہ 15 اپریل 2018 کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔
اُن کے ہاں سال 2019 میں 12 ربیع الاول کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے ’ماہ نور‘ رکھا۔
عائشہ خان نے 20 برس قبل یعنی 2000 میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مہندی، وصل، خدا زمین سے گیا نہیں ہے، پارسا، خدا میرا بھی ہے، من مائل، وہ ایک پل اور دیگر شامل ہیں۔