کراچی (20 اپریل 2026): شہر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں اب اسپتالوں تک پھیل گئی ہیں، جہاں علاج کے لیے آنے والے شہری بھی محفوظ نہ رہے۔
پولیس کے مطابق اسکیم 33 میں واقع ڈاؤ اسپتال کی لیب کے باہر سے ایک شہری کی موٹر سائیکل چوری ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ شہری امان اللہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ 8 اپریل کو لیبارٹری میں ٹیسٹ کرانے آئے تھے۔ ان کے مطابق وہ تقریباً 25 منٹ بعد جب باہر نکلے تو ان کی موٹر سائیکل غائب تھی۔ شہری کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، تاہم اس کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
فوٹیج کے مطابق ایک مشکوک شخص کو شہری کا پیچھا کرتے ہوئے لیب میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں وہ شخص فون پر بات کرتے ہوئے باہر آتا ہے، جب کہ ایک اور ملزم ہیلمٹ پہنے ماسٹر چابی کے ذریعے موٹر سائیکل کا لاک توڑتا ہے۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ لیب سے باہر آنے والا مشکوک شخص مسلسل فون پر رابطے میں رہتا ہے اور پھر موٹر سائیکل چوری کرنے کے بعد اپنے ساتھی کے ساتھ موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
لاہور: ڈیفنس تھانے میں گھریلو ملازمہ اور اس کے بھائی پر تشدد، ایس ایچ او سمیت پورا تھانہ معطل
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ادھر کراچی کی ضلع وسطی پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 8 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا، ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران خان کا کہنا ہے کہ گینگ کو باپ اور بیٹا چلاتے تھے۔ ملزمان سے 6 پستول، چھینے گئے 17 موبائل فون، 3 موٹر سائیکلیں، شناختی کارڈز اور بیگ ملے ہیں۔ ملزمان موبائل فون کے آئی ایم ای آئی نمبرز تبدیل کر کے فروخت کرتے تھے۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں



