کراچی : شہر قائد میں ٹینکر نے ایک اور شہری کی جان لے لی، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ یونیورسٹی روڈ کے قریب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ سعد کے نام سے ہوئی تاہم لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، آگ پر قابو پایا گیا اور صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک، خصوصاً واٹر ٹینکروں سے پیش آنے والے حادثات پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ حال ہی میں شہر میں واٹر ٹینکروں کی نگرانی بہتر بنانے کے لیے بارکوڈ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔


