اسلام آباد (4 جون 2026): مانسہرہ سے چلاس تک موٹروے اور بابوسر ٹاپ پر پاکستان کی طویل ترین سرنگ بنائی جائے گی جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیر مواصلات علیم خان نے پاکستان کے خوبصورت تفریحی مقام مانسہرہ سے کاغان اور چلاس تک 172 کلومیٹر موٹروے کی منظوری دے دی ہے، جو ملک میں سیاحت، روزگار اور معاشی ترقی کا ذریعہ بنے گی۔
وزیر مواصلات علیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے مذکورہ موٹروے منصوبے پر بریفنگ دی۔
حکام نے بتایا کہ موٹروے کی مجموعی لمبائی 172 کلومیٹر ہوگی اور اس کی تعمیر سے مانسہرہ سے کاغان اور چلاس کا فاصلہ تقریباً 120 کلومیٹر تک کم ہوجائے گا۔
پہلے مرحلے میں مانسہرہ سے کاغان، ناران اور بابو سرٹاپ جب کہ دوسرے مرحلے میں بابوسر ٹاپ سے چلاس موٹروے بنائی جائے گی۔
اس منصوبے میں 13.5 کلومیٹر طویل بابوسرٹنل بھی بنائی جائے گی، جو ملک کی سب سے لمبی سرنگ ہوگی جب کہ نئی موٹروے کا یہ شاندار منصوبہ مغربی چین کو براہِ راست کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں سے جوڑے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موٹروے بحیرہ عرب سے مغربی چین تک پہنچنے کا تیز ترین، مختصر اور کم لاگت والا راستہ ہوگا۔ جدید سہولیات کے باعث یہ موٹروے علاقائی رابطوں، اقتصادی استحکام کی جانب اہم قدم ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


